کھوکھلے نعروں سے تبدیلی نہیں آسکتی۔ ڈاکٹر اویس فاروقی

ہم لیپ ٹاپ لینے والی نہیں ، بنانے والی نسل تیار کریں گے

لاہور( )فوکس پاکستان کے صدر ڈاکٹر اویس فاروقی نے اتحاد کیمیکلز کالا شاہ کاکو کی ایک پس ماندہ بستی کے غریب بچوں میں مفت کاپیاں، سٹیشنری کاسامان اور تحائف تقسیم کئے۔ تقریب کا اہتمام امید ٹرسٹ نے کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اویس نے کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلی صرف تعلیم سے ہی لائی جا سکتی ہے۔کھوکھلے نعروں اور مظاہروں سے کچھ نہیں ہوگا۔اگر ہم آپس میں امن ، بھائی چارہ، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں تو تعلیم کو عام کرنا اور اس کا حصول ہر ایک کے لئے آسان بنانا ہوگا۔وہ بچے جو پنسل کاپی نہیں خرید سکتے ،ان کی تعلیم ادھوری رہ جاتی ہے اور وہ کبھی لیپ ٹاپ استعمال کرنے کے قابل نہیں ہو سکتے۔اگر بنیاد مضبوط نہیں ہو گی تو کوئی عالی شان عمارت کھڑی نہیں کی جا سکتی۔ہم اپنے بچوں کو محدود وسائل کے باعث لیپ ٹاپ نہیں دے سکتے لیکن اپنے وطن کو ایسی نسل ضرور دینا چاہتے ہیں جو لیپ ٹاپ لینے والی نہ ہو ، بنانے والی ہو۔انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ تعلیم کے فروغ کے لئے صرف حکومت پر انحصار نہ کریں، ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اپنے حصے کا کام بھی کریں۔